ممبئی،24؍اکتوبر (ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا) ایلفنسٹن روڈ اسٹیشن فٹ اووربرج پر مچی بھگدڑ سے دردناک واقعہ کے بعد کرکٹر اور راجیہ سبھا ممبر پارلیمنٹ سچن تندولکر نے اپنے پارلیمانی حلقہ کے ترقیاتی منصوبہ بندی کے تحت ایم پی ایل اے ڈی ایس سے دو کروڑ روپے ممبئی میں ریلوے فٹ اووربرج کی مرمت کے لئے دیئے ہیں۔ تندولکر نے ریلوے کے وزیر پیوش گوئل کو ایک خط میں لکھا کہ وہ ممبئی مضافاتی ضلع کلکٹر سے تعمیر کے لئے دو کروڑ روپئے کی رقم رکھنے کے لئے کہا ہے۔
خیال رہے کہ 29 ستمبر کو شدید بارشوں کے دوران ایلپفسٹن روڈ اور پریل مضافاتی اسٹیشنوں کو جوڑنے والے ایک تنگ فٹ اووربرج پر مچی بھگدڑ میں 23 لوگوں کی موت ہوئی تھی ، اس تناظر میں تندولکر نے برج کی مرمت کے لئے یہ فیصلہ لیا ہے ۔تندولکر نے وزیر ریل کو خط میں لکھا کہ مغربی ریلوے اور وسطی ریلوے کو ایک ایک کروڑ روپے کی رقم ان کے ایم پی ایل اے ڈی ایس فنڈ سے ریلوے فٹ اوور برج کی فوری مرمت کے لئے مختص کی جائے گی۔ تندولکر نے لکھا کہ حال ہی میں مغربی ریلوے کے ایلفنسٹن روڈ اسٹیشن پر ہوئی بھگدڑ میں معصوم لوگوں کی موت ہوئی جو کہ کافی دلدوز تھا، میں ممبئی کے لوگوں کے لئے اس خدمات کو بہتر بنانے کے لئے فوری طور پر مدد دیتا ہوں ۔سچن نے اپنے مکتوب میں کہا کہ اس دیوالی میں متاثرہ افراد کے خاندان خوش نہیں تھے، بھارت کے کسی خطہ میں ایسا دردناک حادثہ نہ ہو اسے یقینی بنانے کے لئے بھارت کے ذمہ دار شہری کے طور پر ہم حتی المقدور کوشش کریں گے۔